معیاری تعلیم قومیں عظیم اور مہذب بناتی ہے، وزیر قانون خیبرپختونخوا

یونیورسٹی آف لندن سے اففیلیٹڈ پشاور میں ٹلز کیمپس کا قیام طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرے گی ،سلطان محمد خان

ہفتہ 19 ستمبر 2020 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر قانون وپارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم قومیں عظیم اور مہذب بناتی ہے اور ملک وقوم کی ترقی کی ضامن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا نعرہ انصاف ہے جو کہ معیاری تعلیم کی حصول سے ہی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر قانون نے انسٹی ٹیوٹ آف لیگل سٹڈیز (ٹی آئی ایل ایس) پشاور کیمپس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔

سلطان محمد خان نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی آف لندن سے اففیلیٹڈ پشاور میں ٹلز کیمپس کا قیام اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد ادارہ ہے جو قانون کے قابل طلباء کو نہ صرف قانون کی معیاری تعلیم فراہم کرے گا بلکہ اپنے ہی شہر اور ملک میں پڑھنے والوں کو یونیورسٹی آف لندن کی ڈ گری بھی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے پشاور میں ٹلز کے قیام کے متعلق ٹلز انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انکو مبارکباد پیش کی، اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کنگز کالج آف لندن میں بطور قانون طالب علم اپنے تجربے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور کہا کہ قانون کی اہمیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ معاشرے میں برابری اور انصاف قانون کی معیاری تعلیم کے حصول ہی سے ممکن ہے۔

وزیر قانون سلطان محمد خان نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے آئینی حق کے حصول کے لئے قانونی جنگ لڑ کرایک آزاد ملک پاکستان کی صورت میں مسلمانوں کو دیا جو دنیا کی تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔تقریب میں ٹلز پشاور کے ذلاند خٹک، ڈپٹی اٹارنی جنرل اصغر کنڈی اور قانون کے طلباء کے علاوہ والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں