ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ماہ 39 ہزار سے زائد افراد کا چالان

ہفتہ 19 ستمبر 2020 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ماہ 39 ہزار سے زائد افراد کا چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہیں اس سلسلے میں شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیوں پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ایک ماہ میں 39 ہزار 713 افراد کا چالان کیا گیا جن سے جرمانوں کی مد میں لاکھوں روپے حاصل کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کئے گئے۔

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور دوران سفر حد رفتار کم سے کم رکھیں تاکہ ان کی زندگیاں محفوظ بن سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ناکہ بندیوں اور سڑکوں پر شہریوں کو جرمانہ کرنے کا مقصد قطعاً ان سے جرمانوں کا حصول نہیں بلکہ بطور اصلاح جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تاکہ وہ آئندہ کسی قسم کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکار گرمی اور سردی کے موسم کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی خدمت کیلئے سڑکوں پر ڈیوٹی انجام دیتے ہیں تاکہ انہیں سفری سہولیات سمیت بہترین ٹریفک کا نظام میسر ہو اور وہ بروقت اپنی منزل مقصود تک پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری بھی ٹریفک افسران اور اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں