وزیراعظم سمیت تحریک انصاف کے اکثر وزراء اور ممبران پارلیمنٹ ٹیکس چور ہیں،سینیٹر مشتاق احمد خان

وزیراعظم ٹیکس نہ دینے کا الزام عوام پر لگاتے ہیں لیکن اپنے گریبان میں جھانکنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے

ہفتہ 19 ستمبر 2020 22:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2020ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سمیت تحریک انصاف کے اکثر وزراء اور ممبران پارلیمنٹ ٹیکس چور ہیں۔ وزیراعظم ٹیکس نہ دینے کا الزام عوام پر لگاتے ہیں لیکن اپنے گریبان میں جھانکنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے۔ دوسروں کو ٹیکس چور اور کرپٹ کہنے والے خود ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔

اکثر وزراء اور ممبران کے ٹیکس نہ دینے سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعظم ٹیکس چوروں کے سرپرست ہیں۔اربوں اور کھربوں روپے کے اثاثے رکھنے اور پُرتعیش زندگی گزارنے والے تحریک انصاف کے ممبران پارلیمنٹ ٹیکس ادا نہیں کرتے یا پھر عام آدمی سے بھی کم ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ حکومت روزانہ عوام اور کاروباری طبقے پر نت نئے ٹیکس مسلط کرہی ہے، ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ایلیٹ کلاس پر ٹیکسز لگائے۔ ایلیٹ کلاس مافیا کی صورت میں پی ٹی آئی میں موجود ہے، یہ طبقہ اربوں کھربوں کما رہا ہے اور کرپشن میں بھی ملوث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے صوبائی وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا نے ایک سال کے دوران صرف 341روپے ٹیکس دیا۔

وزیر موصوف کاکام خزانے میں اصلاحات لانے اور عوام کو ٹیکس جمع کرنے کی تلقین کرنا ہے لیکن ان کا خود یہ حال ہے کہ ایک سال کے دوران کم ترین ٹیکس دیا ہے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری کی بیرون ملک جائیدادیں اور کاروبار ہیں، اربوں روپوں کے مالک ہیں لیکن انہوں نے 2018ء سے ایک روپے ٹیکس جمع نہیں کرایا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام بھی ٹیکس نادہندگان میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 8ہزار ارب روپے جمع کرنے تھے لیکن ان کی اپنی پارٹی کے وزراء اور اسمبلیوں کے ممبران ہی ٹیکس نادہندہ ہیں۔ وزیر اعظم قوم کو جھوٹے خواب دکھا رہے ہیں، ٹیکس ریکوری نہیں ہوگی تو ملک کا نظام کیسے چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نہ دینے والے وزراء اور ممبران کے خلاف کاروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری اور عوام سے جھوٹ بول کر انہیں دھوکے میں رکھنے پر وزیراعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں