تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کے لئے جان بھی حاضر ،مدارس اور مساجد کی حفاظت کیلئے ہر حد تک جائیں گے ،علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی

پیر 21 ستمبر 2020 19:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) تحریک لبیک پاکستان کے صوبائی امیر علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کے لئے جان بھی حاضر ہے ۔مدارس اور مساجد کی حفاظت کیلئے ہر حد تک جائیں گے مگر ان کے تقدس پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔تمام نئے کارکنان کو تحریک میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خیبرلنڈی کوتل شہدخیل میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کارکنان وذمہ داران نے تحریک لبیک کے صوبائی امیر محمد شفیق امینی کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد شفیق امینی نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مغرب وقفے وقفے سے اسلام ،قرآن اور رسول کریم کی شان میں گستاخی کا مرتکب ہورہا ہے اس حوالے سے حکومت پاکستان کو سخت ردعمل ظاہر کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ مساجد و مدارس کی حفاظت کیلئے بھی ہر حد تک جائیں گے اور ان کے تقدس پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے ۔مدارس اسلام کا قلعہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام نئے کارکنان جو اس قافلے کا حصہ بن رہے ہیں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔اہالیان لنڈیکوتل کی محبتوں اور خلوص کا انتہائی ممنون و مشکور ہوں ۔آخر میں تحریک لبیک کے صوبائی امیر نے لنڈیکوتل کی کابینہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے کام کو خوب سراہا ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں