انسداد پولیو مہم، ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک کا پولیو ورکر زکی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لیے رول ہیلتھ سنٹر الہ ڈھنڈ کا دورہ

بدھ 23 ستمبر 2020 17:37

پشاور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلوا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک روشن مستقبل فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز پولیو ورکر زکی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنے کیلئے اچانک رول ہیلتھ سنٹر الہ ڈھنڈ کا دورہ کیا ۔

انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی حاضری بھی چیک کی اور مریضوں کے لیے ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے بارے میں ہسپتال انتظامیہ سے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے 5 سال کے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیر، اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد اور ڈاکٹر اعزاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ 5 سال سے کم عمر کے ہر بچے تک رسائی یقینی بنائیں اور نئی نسل کو پولیو سے بچائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کے اہلکاروں اور دیگر محکمہ صحت کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ رواں مہم کے دوران ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ریحان خٹک نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں کیونکہ پولیو سے نہ صرف ایک بچہ عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پورا خاندان بھی متاثر ہو جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے موذی مرض کے مکمل انسداد کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے چائیں تاکہ اس بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینک کر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ بناسکیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول الہ ڈھنڈ کا بھی دورہ کیا اور حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے وضع کردہ ایس او پیز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اساتذہ اکرام کلاسوں میں طلب کے درمیان سماجی فاصلوں، ماسک پہننے، سیناٹیزر اور تھرمل گن کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ بچوں کو کورونا وائرس سے محفوظ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے طلبا سے مختلف سوالات بھی کیے اور انہیں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام بچوں کی صحیح معنوں میں تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ آج کے بچے ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں