پشاور، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی سربراہ انگرڈ کرسٹنسن کی شوکت یوسفزئی سے ملاقات

ٰحکومت مہمند ماربل مائنز جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانون سازی کر رہی ہے، صوبائی وزیر محنت

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2020ء) انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن پاکستان کی سربراہ انگرڈ کرسٹنسن نے پشاور میں وزیر محنت شوکت یوسفزئی سے ایک اھم ملاقات کی اورضلع مہمند میں گزشتہ دنوں پیش آنے والے سانحے پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ملاقات میں محکمہ محنت اور معدنیات کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔انگرڈ کرسٹنسن نے مہمند ماربل مائنز سانحہ پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ یہ بہت بڑا سانحہ تھا اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن خیبرپختونخوا کے عوام کے دکھ میں برابر شریک ہے۔

اس موقعے پر محکمہ محنت کے حکام نے ان کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر محنت خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن پاکستان کی سربراہ انگرڈ کرسٹنسن کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

مہمند ماربل مائنز سانحہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے بروقت اقدامات کرتے ہو ئے ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مالی امداد کی۔

وزیر محنت کا مزید کہنا تھا کہ مھمند ماربل مائنز جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت قانون سازی کر رہی ہے اور حکومت خیبر پختونخوا ورکرز کی تربیت اور آگاہی کے لیے آئی ایل او کے تجربے سے استفادہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کے پانچ دن بعد ہی وزیراعلی محمود خان نے خود جا کر کر متاثرہ خاندانوں میں چیک تقسیم کئے۔اس موقع پر انگرڈ کرسٹنسن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا ہر لحاظ سے صنعتی ترقی کے لیے ایک موضوع علاقہ ہے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے ورکرز کی مشکلات کو ملحوظ خاطر رکھنے کے لئے حکومت خیبرپختونخوا کو بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اس سلسلے میں حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر قسم کی تعاون کے لیے تیار ہے۔وزیر محنت شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سی پیک جیسے اہم منصوبے اور افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر خیبر پختونخوا کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم صنعتی ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ہیں لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں درست سمت کا تعین ہو چکا ہے۔ شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ورکرز کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر ہی حقیقی معنوں میں ترقی کا خواب پورا ہوسکے گا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں