اپوزیشن اتحاد کرپشن بچاؤ مہم کا حصہ ،ان کو عوام سے کوئی غرض نہیں، شہرام خان ترکئی

ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کرپشن بچاؤ مہم کا حصہ ہے، ان کو نہ تو عوام کی کوئی فکر ہے اور نہ ہی پاکستان سے کوئی غرض، ان کو ڈر ہے صرف احتساب کے عمل سے مگر انہوں نے قوم کا لوٹا ہوا پیسہ ضرور واپس لانا ہے۔ یہ کرپٹ ٹولہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے عزائم کو متزلزل نہیں کر سکتا عمران خان کی صورت میں پاکستان کو عظیم لیڈر ملا ہے۔

وہ شیخ جانہ بندی اوبہ صوابی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق تحصیل کونسلر منیر اختر ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ عمران خان کو وراثت میں اس کرپٹ ٹولے کا لوٹا ہوا پاکستان ملا تھا اب جب وہ پاکستان کو ٹھیک کر رہے ہیں، اداروں کو مضبوط کرکے ان میں اصلاحات لارہے ہیں اور ملک میں میرٹ کا نظام رائج کر رہے ہیں تو ان کو تکلیف ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی میدان میں انقلابی تبدیلیاں اور اصلاحات متعارف کرائیں گے اور طلباء و طالبات بشمول اساتذہ کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں سہولیات کی فراہمی پر ہم نے بہت کام کیا ہے اب ہماری تمام ترجیحات کوالٹی ایجوکیشن پر ہوگی تاکہ غریب کے بچے کو بھی وہ بہترین تعلیم سرکاری سکولوں میں مل سکے جو امیروں کے بچوں کو مل رہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں