عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں،ڈاکٹرامجد علی

ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف ممکن بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گوگدرہ سوات میں سوئی گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عوام سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں صوبے میں امن وامان کی بحالی ممکن ہوئی ہے، بہتر امن وامان کے باعث صوبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور کاروبار کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا ملکی و غیر ملکی سیاحوں کا پسندیدہ سیاحتی مرکز بنتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں امن وامان کی ابتر صورتحال کے باعث عوام کے ساتھ خود حکومتی اراکین صوبے میں آزادانہ طور پر گھومنے پھرنے سے قاصر تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین طرز حکمرانی کے باعث عوام میں حکومت کی مقبولیت میں ہر روز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ باقی جگہوں کی طرح گوگدرہ، سوات بھی پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ترقی کے ثمرات ہر فرد اور ہر علاقے تک پہنچائیںتاکہ ترقی کے سفر میں بلا کسی سیاسی وابستگی کے سب شامل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں تعلیم کا ایک اہم کردار ہوتا ہے، صوبائی حکومت نے صوبے میں خواندگی کی شرح بڑھانے اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے نہ ختم ہونے والے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں