خیبرپختونخوا،کیبل آپریٹرز کورونا وائرس اور بی آر ٹی سے پریشان، ہڑتال کا اعلان

پیمرا، دیگر ادارے اور پیسکو نئی پالیسی نافذ کرنے سے پہلے کیبل آپریٹرز کو اعتماد میں لیں، مطالبہ

منگل 20 اکتوبر 2020 23:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف خیبرپختونخوا کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور بی آر ٹی کی وجہ سے ان کا نقصان ہوا ہے، پیسکو نے پول پر تار باندھنے سے متعلق پالیسی پر نظرثانی نہیں کی تو ہڑتال کی جائیگی۔کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف خیبرپختونخوا کے عہدیداروں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی نے کیبل انڈسٹری کو پہلے سے متاثر کر رکھا ہے اس کے بعد کورونا اور پھر پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کی جگہ جگہ کھدائیوں کی وجہ سے کاروبار مزید خراب ہوا ہے۔

کیبل آپریٹرز نے کہا کہ ڈی ٹی ایچ اور ڈیجیٹلائزیشن کی وجہ سے بھی کاروبار شدید متاثر ہوا ہے۔عہدیداروں کے مطابق پیسکو بڑی کمپنیوں کے اشارے پر اپنی پالیسی بنا رہا ہے جو کیبل آپریٹرز کا معاشی قتل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تین صوبوں میں 10 روپے فی پول لیا جارہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں فی پول 100 روپے وصول کیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پیسکو نے نئی پالیسی بناتے وقت کیبل آپریٹرز کو اعتماد میں نہیں لیا۔کیبل آپریٹرز ایسو سی ایشن نے مطالبہ کیا کہ پیمرا، دیگر ادارے اور پیسکو نئی پالیسی نافذ کرنے سے پہلے کیبل آپریٹرز کو اعتماد میں لیں۔انھوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر پالیسی پر نظرثانی نہ کی گئی تو ہڑتال کی جائے گی جس کے پہلے مرحلے میں آج شام 7 سے 10 بجے تک ہڑتال ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں