سستا بازار کیلئے سبسڈائزآٹے کے کوٹے میں اضافہ و قیمتوں میں کمی

حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے‘ مشیر خوراک میاں خلیق الرحمان

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) صوبائی حکومت نے سستا بازار کیلئے سبسڈائز آٹے کے کوٹے میں اضافہ اور نرخوں میں 10 روپے کمی کردی جس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں حیات آباد‘ بڈھ بیر‘ شاہ عالم اور دلہ زاک روڈ پر قائم سستا بازار کو کل بروز اتوار سبسڈائز آٹے کے 27 سو تھیلے فراہم کئے جائیں گے جبکہ سبسڈائز آٹا سستا بازاروں میں 860 کے بجائے 850 میں دستیاب ہوگا۔

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے کہا کہ سبسڈائز آٹے کی مانگ میں اضافے کے باعث سستا بازار کیلئے سبسڈائز آٹے کا کوٹہ بڑھایا اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر سستا بازار کو ملنے والے سبسڈائز آٹے کے تھیلوں میں بھی اضافہ کر کے 200 سے 400 کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور انہیں کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے اور جہاں بھی عوام کو مشکلات درپیش ہوں اس کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران سستا بازاروں میں موجود ہوں گے جو سبسڈائز آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیں گے اور متعلقہ حکام کو رپورٹ دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر شہریوں کی جانب سے آٹے کے کوٹے کو مزید بڑھانے کی درخواست کی گئی تو کوٹے کو مزید بڑھایا جائیگا کیونکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی خاطر تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں