رسول اللہ ﷺ کے سچے امتی کا ہر دن اور ہر لمحہ انؐ کی اتباع میں گزرے گا،سینیٹر مشتاق احمد

امت مسلمہ وسائل سے مالامال ہے لیکن امت پر انجمن غلامان امریکہ کی حکومت ہے ہمارے حکمران قرآن اور قرآنی تعلیمات سے دور اور مغرب کی تہذیب اور چکا چوند سے متاثر ہیں، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

ہفتہ اکتوبر 22:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے سچے امتی کا ہر دن اور ہر لمحہ انؐ کی اتباع میں گزرے گا۔ امت مسلمہ وسائل سے مالامال ہے لیکن امت پر انجمن غلامان امریکہ کی حکومت ہے۔ ہمارے حکمران قرآن اور قرآنی تعلیمات سے دور اور مغرب کی تہذیب اور چکا چوند سے متاثر ہیں۔

قرآن پاک سے دوری نے آج امت مسلمہ کو ذلالت کے گھڑوں میں دھکیل دیا ہے۔ شیخ محمد طاہر پنج پیری امت کو غلامی سے نکالنے کے لئے فکر مند اور برسرپیکار رہے۔ وہ امت سے شرک اور بدعت کے خاتمے ، اتحاد و اتفاق اور قرآن وسنت کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے کوشاں رہے۔شیخ محمد طاہر پنج پیری رجوع الی القرآن کی عظیم الشان تحریک کے بانی تھے۔

(جاری ہے)

ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

افغان مجاہدین نے ثابت کردیا کہ قرآن سے تعلق ہو تو امریکہ اور نیٹو کی افواج کی بہادری کی قصے ہالی ووڈ کی فلموں میں تو نظر آئیں گے لیکن افغانستان کی سرزمین پر نظر نہیں آئیں گے۔ افغان طالبان نے امریکی اور نیٹوکی سپر آرمی کو پیمپر آرمی بنادیا ہے۔مدراس کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے، مدارس آباد رہیں گے۔ مساجد کے مینار کھڑے رہیں گے اور حاملین قرآن روزبروز ترقی کریں گے ۔

شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری اور تنظیم اشاعت التوحید و السنة کو تاریخ ساز اجتماع عام کے انعقاد پر خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالقرآن پنج پیر ضلع صوابی کے اٹھارہویں سالانہ اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع عام میں امیر جماعت اشاعت التوحید و السنة شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری، امیر جماعت اسلامی ضلع صوابی میاں افتخارالدین اور سابق امیر ضلع محمود الحسن، مولانا مفتی مراد احمد، مولانا امجد حسین سمیت علماء کرام و مشائخ عظام شریک تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ دنیاوی و اُخروی کامیابی اسلام اور اسلامی نظام میں مضمر ہے۔ اسلام کے سوا کہیں بھی کامیابی نہیں، سیکولرازم، لبرل ازم اور دوسرے ادیان اور ازموں کا کوئی مستقبل نہیں، اسلام دین کامل ہے۔ دارالقرآن ایک ایسی نسل تیار کررہا ہے جو قرآن پاک کی روشنی اور اصحاب کرام رضوان اللہ اجمعین کے مبارک نقوشِ پا پر چلتے ہوئے دین کے قیام ا ور غلبہ کی ہمہ گیر جدوجہد کریں گے۔

پشاور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments