صحت سہولت پروگرام کا اجراء 31 اکتوبر کو ملاکنڈ ڈویژن سے ہو گا، تیمور جھگڑا

سوات، ملاکنڈ، دیر اپر و لوئر اور چترال کے 70 لاکھ افراد ہیلتھ انشورنس سے مستفید ہوں گے، وزیر صحت و خزانہ

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ وہ تاریخی دن قریب آ گیا جب خیبرپختونخوا کی تمام آبادی مفت علاج معالجے کی سہولت سے مستفید ہو گی۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا یہ منصوبہ دنیا کے صرف چند ممالک میں ہے اور خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہوگا جہاں تمام آبادی کا 10 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج کرا سکے گی۔

صحت سہولت کارڈ کا اجراء 31 اکتوبر سے ملاکنڈ ڈویڑن سے ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیر صحت و خزانہ کا کہنا تھا کہ چند دن قبل نادرا کے ساتھ ڈیٹا کے تبادلہ کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا صوبے کی تمام آبادی کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کا تاریخی اور انقلابی منصوبہ ہے۔ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں صحت سہولت کارڈز سے ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات، ملاکنڈ، دیر اپر و لوئر اور چترال کی 70 لاکھ آبادی مستفید ہوگی جنہیں آئندہ ہفتے یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔ اسی طرح مرحلہ وار جنوری تک صوبے کی تمام آبادی تک اس منصوبے کو توسیع دے دی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں