حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو زندگی کی تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے،ظہورشاکر

اتوار 25 اکتوبر 2020 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2020ء) وزیراعلی خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف اور مذہبی امور ظہور شاکر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے پسے ہوئے اور بے بس طبقات کو زندگی کی تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔جن میں صحت ،تعلیم ،پانی اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے جن کی تکمیل سے صوبہ بھر میں ترقی ، خوشحالی اور حقیقی تبدیلی آئے گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ پر حلقہ پی کے 84کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفود نے انھیں ضلع ہنگومیں ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور دیگر مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا معاون خصوصی نے ضلع ہنگومیں ترقیاتی کاموں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ کروڈوں روپوں کی لاگت سے مختلف دیہاتوں میں پینے کے صاف پانی ،بجلی ،صحت و تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر مرمت پر کام کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ہنگو کے ہسپتال کو طب کی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ تا کہ علاقے کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا ہو سکیں۔انھوں نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں