پشاور ،موٹر کارچورگروہ گرفتار ، 8 مسروقہ گاڑیاں برآمد

پیر 26 اکتوبر 2020 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر میں سرگرم خطرناک موٹر کار چور گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے جو شہر میں کارروائیوں کے بعد واپس اپنے ضلع فرار ہو جاتے تھے، ملزمان جعلی انجن چیسز نمبرات بنانے کے بھی ماہر ہیں جو جعلی کاغذات بنوانے کے بعد سادہ لوح افراد کو مسروقہ گاڑیاں بھاری رقوم کے عوض فروخت کرتے تھے، انٹی کار لفٹنگ سیل کی جانب سے ہونے والی کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران کار چوری کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے ایکسائز اہلکاروں کے ساتھ مل کر جعلی کاغذات اور فائل بنانے کا انکشاف کیا ہے جس پر تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے ، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے مختلف علاقوں سے سرقہ شدہ 8 قیمتی گاڑیاں برآمد کئے گئے ہیں ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایس پی کینٹ حسن جہانگیر کی سربراہی میں انٹی کار لفٹنگ سیل نے شہر میں سرگرم موٹر کار چور گروہ کا سراغ لگا کر 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا،خصوصی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان میںگروہ کے سرغنہ نوشاد سمیت عبداللہ، اسحاق اور بشیرشامل ہیں جن کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹر کار چوری کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے ایکسائز اہلکاروں کے ساتھ مل کر جعلی کاغذات بنوانے کے بعد مسروقہ گاڑیاں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے جن کے قبضہ سے 8 قیمتی مسروقہ گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں، ملزمان کی نشاندہی پر ایکسائز اور دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے گاڑیوں کے اصل مالکان کا سراغ لگانے کے بعد گاڑیاں ان کو واپس کی جائیں گی جبکہ پولیس ٹیم نے ملزمان کی نشاندہی پر تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے مسروقہ گاڑیوں کا لین دین کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں