پشاور مدرسے میں دھماکہ ،مرکزی صدر اے این پی اسفندیار ولی خان کی سخت الفاظ میں مذمت

منگل 27 اکتوبر 2020 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پشاور مدرسہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری مذمتی بیان میں سربراہ اے این پی نے کہا ہے کہ اے این پی بار ہا مطالبہ کرتی آ رہی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف یقینی اور بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر پشاور میں معصوم اور بے گناہ بچوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا، معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، درندے ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے، عوامی نیشنل پارٹی بار بار اس خطرے کا اظہار کر چکی ہے کہ دہشت گرد گروہیں دوبارہ منظم ہو رہی ہیں، ان کو روکا جائے لیکن حکومت وقت خواب غفلت کے مزے لوٹ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور دھماکہ دہشت گردوں کی جانب سے خطرے کی گھنٹی ہے، تاہم اب بھی وقت ہے کہ مستقبل میں بڑی تباہی سے بچنے کیلئے اس بارے میں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات لئے جائیں۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، مرکزی صدر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور شہید ہونے والوں کیلئے شہدا پیکج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں