عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدرامیرحیدر خان ہوتی کی پشاور مدرسہ دھماکے کی مذمت

منگل 27 اکتوبر 2020 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی ،صوبائی صدر ایمل ولی خان اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے پشاور دیر کالونی مدرسہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، باچا خان مرکز پشاور سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں اے این پی کے قائدین نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی پچھلے کئی عرصے سے حکمرانوں کو خبردار کروا رہی ہے کہ وزیرستان، باجوڑ، سوات، دیر ، بونیر سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گرد دوبارہ منظم ہو رہے ہیں، اس کا سدباب کر کے بروقت اس کوروکا جائے، لیکن موجودہ حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ سے غافل ہیں، انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے پناہ قربانیاں دے چکے ہیں، صوبہ اور ملک دہشت گردی کی ایک اور لہر کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے اور مستقبل میں ایسے دل خراش واقعات کی روک تھام یقینی بنانی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کا غم اے این پی سے بہتر کوئی محسوس نہیں کر سکتا جنہوں نے اس جنگ میں سینکڑوں کارکنان کی قربانیاں دی ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بم دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی علاج و معالجے کا انتظام کرے اور واقعے میں شہید ہونے والوں کے لئے شہدا پیکج کا اعلان کیا جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں