کشمیر کی آزادی تک کشمیر ی بھائیوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،ریحان خٹک

منگل 27 اکتوبر 2020 21:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈلیویز ریحان خٹک نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستانی عوام اپنے کشمیر ی مسلمان بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور کشمیر مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر منانا پاکستان اور کشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی ،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کا مظہر ہے اور اسلامی بھائی چارے کایہ لازوال رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔

کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کردیا تھا اور ہندوستان چاہیے جتنا بھی ظلم اور بربریت جاری رکھے پاکستانی کشمیریوں کی محبت اور نظریاتی ہم آہنگی توڑ نہیں سکتے اور ان شاء اللہ وہ دن بہت جلد آئے گا کہ کشمیر ہندوستان کے ظلم اور تسلط سے آزاد ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا ظہار انہوں نے منگل کے روز ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام لیویز لائن ملاکنڈ میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ تقریب سے چیئرمین ڈیڈک اور رکن صوبائی اسمبلی پیر مصور خان غازی اور اکسفورڈ ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائریکٹر امجد علی شاہ نے بھی خطاب کیا ۔

واضح رہے کہ تقریب کا انعقاد مرکزی اور صوبائی حکومت کے ہدایات کی روشنی میں عمل میں لایا گیا تھا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیر ،اسسٹنٹ کمشنر ز بٹ خیلہ ،درگئی سہیل احمد ،محب اللہ خان کے علاوہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسرارن ،تاجر برادری کے عہدیداران ،مذہبی شخصیات سول سوسائٹی ،اساتذہ و طلبہ اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔

مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور خودارادیت کی اصولوں کا مسئلہ ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔مقررین نے کہاکہ آج کے دن ہمیں عہد اور تجدید کرنا چاہیے کہ کشمیر ی بھائیوں اور بہنوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہم بھر پور ساتھ دینگے ۔ضلع میں سرکاری سطح پر منعقد ہونے والے سب سے بڑے مذکورہ تقریب سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی غرض سے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ اس موقع پر پاکستان اور کشمیر ی قومی ترانے پیش کئے گئے ۔

انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ ساتھ ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیر کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی جوکہ اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ کے دفتر سے ہوتے ہوئے بٹ خیلہ بازار میں اختتام پزیر ہوئی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہندوستان ظلم و جبر سے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔انہوں نے مذید کہا کہ کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے اور کشمیر ی بھائیوں بہنوں کی آزادی کے لیے ہر قسم کی جانی و مالی قربانیوں سے دریغ نہیں کریں گے ۔اس دن کی مناسبت سے ضلع بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں مختلف تقاریب کا بھی انعقاد کیا گیا اور پورے جوش وجذبے کے ساتھ کشمیر کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں