خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری ٹافیاں بنانے والی کینڈی فیکٹریز کے خلاف کاروائیاں

ِنشترآباد میں 200 کلوگرام کے قریب زائد المعیاد اور مضر صحت ٹافیاں برآمد کرکے تلف کردی

بدھ 28 اکتوبر 2020 23:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2020ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے میں غیر معیاری ٹافیاں بنانے والی کینڈی فیکٹریز کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ پشاور کے علاقے نشترآباد میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ٹیم نے ٹافیاں بنانے والی ایک فیکٹری کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 200 کلوگرام کے قریب زائد المعیاد اور مضر صحت ٹافیاں برآمد کرکے اسے تلف کردی۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں مضرصحت ٹافیاں تیار کرنے والی کئی فیکٹریز کو سیل کردیا گیا ہے، جس سے ٹافیاں صوبے کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جاتی تھی۔ اتھارٹی کے مطابق نشتر آباد کینڈی فیکٹری کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا، جبکہ مالکان کے خلاف بھاری جرمانے عائد کردئیے گئے۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی ٹیمز نے پشاور کے علاقہ ٹاون ٹو میں بھی چپس بنانے والی مختلف فیکٹریز کی چیکنگ کی، اور مس لیبلنگ پر ایک فیکٹری سیل کردی، ٹیم نے ٹاون ٹو میں دودھ کے دکانوں، سپر مارٹس، اور مصالحوں کے فیکٹریز کی بھی چیکنگ کی۔

ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی بہت جلد صوبے میں ایسے تمام غیر معیاری اشیاء خوردونوش تیار کرنے والے کاروباروں کا صفایا کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی بچوں کو معیاری خوراک کی اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام افراد اور کاروبار جو ایسے گھناو،ْنے عمل میں ملوث ہے کہ خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائیگا، عوام بھی غیر معیاری اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے والوں کی نشاندہی میں اتھارٹی کی مدد کریں

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں