ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میںکورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈائون

پیر 23 نومبر 2020 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرکی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ڈاکٹر احتشام الحق نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شفیق آفریدی اور تنزیل الرحمان کے ہمراہ جی ٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر مختلف دکانوں و مارکیٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے بیشتر دکانوں و مارکیٹوں کو سیل کر دیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ وزیر اور کاشف جان نے دلہ زاک روڈ اور چارسدہ روڈ پر مختلف دکانوں اور ریسٹورنٹس اور دیگر کا معائنہ کیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ نے حیات آباد اور کارخانو میں مختلف دکانوں اور ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا۔ کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بیشتر کو سیل کر دیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد ارشد آفریدی نے متنی کے علاقے میں مختلف دکانوں اور بھٹہ خشت کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے زرگر آباد اور یکہ توت میں مختلف دکانوں و دیگر کا معائنہ کیا۔

کاروائیوں کے دوران کورونا ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی ، سماجی فاصلہ نہ رکھنے اور سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے پر چارسدہ روڈ پر مصری خان کباب اور گل بہار میں جلیل کباب کو سیل کر دیا گیا۔جی ٹی روڈ پر سٹی ریسٹورنٹ اور کوہاٹ روڈ پر الائیڈ بینک کو سیل کر دیا گیا۔گلبہار میں پی ٹو پی ون ریسٹورنٹ، چارسدہ روڈ پر تین بیکریز اور سات ریسٹورنٹس، چارسدہ روڈ پر باٹا شوزسیل اورکارخانو میں نیشنل پلازہ میں 250 دکانیں ، مکہ پلازہ میں 200 دکانیں اور حیات آباد میں ڈی واٹسن اور ودود سنز کو سیل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق ان ریسٹورنٹس و دکانوںو ہوٹلوںو دیگر میں ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں اور بار بار نوٹس کے باوجود سیفٹی ماسک استعمال نہیں کیے جا رہے تھے جس پر ضلعی انتظامیہ نے کاروائی کر تے ہوئے ان کو سیل کر دیا۔ انھوںنے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ بازاروں میں رش نہ بنائیں اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں