صوبے میں کورونا وباء کی تشویشناک صورتحال پر عوام سے تعاون کی اپیل

خدا نہ کرے کہ پہلی لہر کی طرح صوبائی حکومت مجبور ہو کر مکمل لاک ڈاؤن کی جانب جائے،کامران بنگش

بدھ 25 نومبر 2020 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) صوبے میں کورونا وباء کی تشویشناک صورتحال پر عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بہ بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کی بنیادی وجہ کچھ لوگوں کی جانب سے اسے ہلکا تصور کرنا ہے۔

خدا نہ کرے کہ پہلی لہر کی طرح صوبائی حکومت مجبور ہو کر مکمل لاک ڈاؤن کی جانب جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے روز سے کہہ رہے ہیں کہ کچھ عناصر اپنی مفادات کی خاطر عوام کو جلسے جلوس میں لے جاتے ہیں لیکن کورونا وبا سے متاثر ہونے کے بعد کوئی کسی کا نہیں پوچھتا جس کا براہ راست بوجھ ہسپتالوں پر پڑھ رہا ہے، جبکہ کئی اور لوگ بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی کامران بنگش نے کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والی نرس روبینہ شاہین کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روبینہ شاہین کی موت پردکھ اور افسوس ہے، خدائے بزرگ و برتر لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ خدارا کورونا کے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ایسے اقدامات نہ اٹھائے جائیں جس سے عوامی امور متاثر ہوں لیکن عوام کو بھی اپنی صحت اور دیگر افراد کے حوالے سے احتیاط کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ نرس روبینہ شاہین کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھی جو نصیر اللہ بابر ہسپتال پشاور میں زیر علاج تھیں۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے خیبرپختونخوا میں جامعات و ڈگری کالجز کو بند کرنے کے حوالے سے کہا کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے صوبائی تعلیمی وزراء کانفرنس کی روشنی میں 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلباء و طالبات کورونا وائرس سے محفوظ رہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں