چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیرصدارت کوروناء کی دوسری لہر کے حوالے سے جید علماء کرام کا اجلاس

علماء کرام کی کورونا ایس او پیز پر پر سختی سے عمل درآمد اور کورونا کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی

جمعرات 26 نومبر 2020 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) خیبر پختونخوا کے جید علماء کرام نے صوبے میں کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے صوبائی حکومت کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور صوبے کی تمام مساجد,مذہبی مقامات اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح کورونا کی پہلی لہر میں خیبر پختونخوا کی مساجد اور عبادت گاہیں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے میں سب سے آگے تھیں اسی طرح کورونا کی دوسری لہر میں بھی تمام مساجد، عبادت گاہوں اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد اور عوام میں آگہی مہم چلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری کے کمیٹی روم میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیرصدارت منعقدہ صوبے کے جید علماء کرام کے اجلاس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر سے بھی جید علماء کرام نے کمشنرز کی سربراہی میں شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر اور اس سے بچنے کے لئے تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر علماء کرام کومحکمہ صحت کی طرف سے کورونا کی دوسری لہر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا کی دوسری لہر پہلے لہر کی نسبت زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور اس سلسلے میں علماء کرام کا کردار انتہائی ضروری ہے،چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے جید علماء کرام سے کورونا کی دوسری لہر میں حکومت کا ساتھ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پہلی لہر کا مقابلہ کرنے میں علماء کرام کا کردار قابل ستائش رہا ہے، اسلئے علماء کرام دوسری لہر میں بھی حکومت کا ساتھ دیکر کورونا سے اپنے عوام کی جانوں کو محفوظ بنائیں، چیف سیکرٹری نے کورونا کی پہلی لہر میں علماء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک پر جب بھی مشکل گھڑی آئی ہے علماء کرام نے ہمیشہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے،پاکستان بنانے میں علماء کرام نے جو کردار ادا کیا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ مساجد اور جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر ایس او پیز کی تلقین یقینی بناکر ملک و قوم کو کورونا کی دوسری لہر سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

چیف سیکرٹری نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ علماء کرام کیساتھ رابطے میں رہے اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔اس موقع پر علماء کرام نے کورونا کے خلاف اقدامات کرنے میں حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کی یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پہلے لہر کی طرح مساجد اور دیگر مذہبی مقامات پر بھی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اور مساجد میں کورونا کے خاتمے کے لئے خصوصی ختم القران کا انعقاد بھی کیا جائیگا، علماء کرام نے کہا کہ آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں علماء کرام حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور اس وباء کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر علماء کرام نے جمعہ کے اجتماعات میں کورونا ایس او پیز عمل پر درآمد اور آگہی مہم چلانے کے لئے طبی عملہ تعینات کرنے کی تجویز سمیت تحصیل لیول پر بھی علماء کرام کو اعتماد میں لیکر ایس او پیز اور آگہی مہم چلانے کی تجاویز پیش کیں۔

چیف سیکرٹری نے کورونا کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت کا بھر پور ساتھ دینے پر علماء کرام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انکی تمام تجاویز کو عملی شکل دینے اور جلد ازجلد عمل درآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں