صوبے میں کھیلوں کی میزبانی خوشی کا باعث ہے،ڈاکٹر کاظم نیاز

ملک بھر سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پشاور کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کروائیں گے پی ایس ایل کے کچھ میچز پشاور میں کروانے کے لئے کوشش کر رہے ہیں، چیف سیکرٹری کی ہاکی چیمپئن شپ کے افتتاح پرمیڈیا سے بات چیت

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ کہ کھیلوں کی میزبانی ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے، دوسرے صوبوں سے آئے کھلاڑیوں کو نہ صرف بہترین سہولیات فراہم کریںگے بلکہ کوشش کریں گے کہ انہیں پشاور اور خیبر پختونخوا کے مختلف تاریخی مقامات کی سیر بھی کروائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قیوم سپورٹس کمپلیکس کے لالہ ایوب ہاکی اسٹیڈیم میں نیشنل انڈر 16 ہاکی چیمپین شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پشاور دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے جس کی اپنی ایک تاریخ اور ثقافت ہے، دوسرے صوبے سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کو شہر کے مختلف تاریخی مقامات کی سیر بھی کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوورنا کی پہلی لہر کے اختتام کے بعد جب اسٹیڈیم کے دروازے کھولے تو سب کو بتایا تھا کہ ایس او پیز کا خیال رکھیں تاکہ یہ دروازے ہمیشہ کھلاڑیوں پر کھلے رہیں۔

ہماری کوشش ہے کہ نہ صرف کھیل بلکہ دیگر معاشی سرگرمیاں بھی صوبے میں جاری و ساری رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کا کہنا تھا کہ ہاکی میں پاکستان کا ایک بلند مقام تھا جسے ہمارے کھلاڑیوں نے بہت محنت سے حاصل کیا تھا گراس روٹ لیول پر اس کھیل کے فروغ کے لئے کوششوں کا مقصد وہ کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہے۔ کھلاڑیوں کو آسٹروٹرف سمیت ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں گے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کے حوالے سے کچھ اضافی تعمیراتی اخراجات مانگے ہیں جس پر بات چیت جاری ہے تاہم اسٹیڈیم کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پر کام جلد مکمل ہو جائے تاکہ آنے والے پاکستان سپر لیگ کے کچھ میچز پشاور میں بھی منعقد کرائے جا سکیں۔ کورونا کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کورونا سے صرف ایس او پیز پر عملدرآمد اور احتیاط کے ذریعے ہی بچا جا سکتا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں