محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری ہمایون خان کی زیر صدارت وفد نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا

گلگت بلتستان حکومت نے خیبرپختونخوا کے آئی ٹی منصوبوں کو سراہا اور وہاں پر یہ منصوبے متعارف کرانے کی خواہش ظاہر کی

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت اور وزیر منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان کی دعوت پر خیبرپختونخوا کے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری ہمایون خان کی زیر صدارت ایک وفد نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔وفد نے گلگت بلتستان کے حکام کو خیبرپختونخوا میں ٹیکنالوجی سیکٹر سے متعلق اصلاحات اور گڈگورننس متعارف کرانے کے لیے کیے گئے اقدامات اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے کی گئی کاوشوں پر بریفنگ دی۔

وفد نے ضیاء اللہ بنگش کی جانب سے حکومت گلگت بلتستان سے بھرپور تعاون کرنے اور گلگت بلتستان میں گڈ گورنس کے لیے آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لیے خیبرپختونخوا کے شروع کردہ منصوبوں سے استفادہ حاصل کرنے کا پیغام پہنچایا۔

(جاری ہے)

حکومت گلگت بلتستان نے خیبرپختونخوا کی اصلاحات کو سراہا اور انہیں گلگت بلتستان میں متعارف کرانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

ابتدائی طور پر سافٹ وئیر کسٹمائزیشن برائے پلاننگ کمیشن فارمز کیلئے ہوسٹنگ اور تکنیکی مدد حکومت خیبرپختونخوا مفت فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں دونوں حکومتوں کے مابین جلد ایم او یو پر دستخط کیا جائے گا۔وفد نے بتایا کہ ہم باقی صوبوں کو بھی یہ آفر کرتے ہیں کہ وہ سافٹ ویئر کسٹمائزیشن اور دیگر منصوبوں میں خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کر سکتے ہیں اور وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر تمام صوبوں کو یہ سروس اور تکنیکی تربیت بلامعاوضہ فراہم کی جائے گی۔

وفد نے مزید بتایا کہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل جابز، ورک آراونڈ، بی پی اوز اور دیگر منصوبوں کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع مل رہے ہیں جس سے ہر کوئی استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔اس سے قبل وزیر منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان نے خیبرپختونخوا کا دورہ کیا تھا اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تھی۔ گلگت بلتستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کو حکومت خیبرپختونخوا کے شروع کردہ ٹیکنالوجی کے مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔گلگت بلتستان حکومت نے خیبرپختونخوا کے آئی ٹی منصوبوں کو سراہا اور وہاں پر یہ منصوبے متعارف کرانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں