پشاور پریس کلب کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں لوگ شریک ہوں گے، سردار حسین بابک

پیر 30 نومبر 2020 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں منگل کے روزہزاروں لوگ شریک ہوں گے، مسلط کردہ حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے اور اپنے مخالفین کو دبانے کے لئے اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے۔

باچا خان مرکز پشاور سے جاری کردہ بیان میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ مسلط حکومت نے ملک و قوم کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اب سرکاری اور حکومتی مشینری کے ذریعے عوام کو خاموش کرانے اور دبانے پر تلی ہوئی ہے، اے این پی ایک عوامی قوت ہے اور اس قوت کو دبانے کی ناکام کوشش تبدیلی سرکار کو بہت مہنگی پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے بچا اور روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کی بجائے عوام کو اشتعال دلانے کے فارمولے پر عمل پیرا ہے، عوام باشعور ہے اور مسلط حکومت کے خاتمے کے لئے ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہے۔ ملک میں برپا مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے، آئے روز اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ تبدیلی سرکار کی کرپشن اور ناابلی کو چھپا نہیں سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وقت سلیکٹرز کے مہرے ہیں اور انہیں عوام کے مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں، حکومت اگر اپنی کرسی بچانے کے لئے آخری حد تک جا سکتی ہے تو اپوزیشن جماعتیں بھی عوامی مسائل کے حل کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وضاحت کرے کہ پی ڈی ایم کے ضلعی رہنماں پر جھوٹے ایف آئی آرز درج کرا کے کیا پیغام دینا چاہتی ہے،مسلط حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اے این پی کے کارکنان کو خاموش کرانااور دبانا ان جیسے نااہلوں اور سلیکٹڈ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے، اے این پی کے کارکنان اپنے آئینی اور انسانی حقوق کے حصول کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ، اے این پی عوامی حقوق کے لئے جنگ کرنا اپنا سیاسی فریضہ سمجھتی ہے اور کل ساری دنیا دیکھے گی کہ عوام پشاور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں گی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں