خیبرپختونخوا میں ہر ڈگری کالج کو بلا تفریق ترقیاتی فنڈز فراہم کریں گے،کامران بنگش

جمعہ 4 دسمبر 2020 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ہر ڈگری کالج کو بلا تفریق ترقیاتی فنڈز فراہم کریں گے۔ اکثر اوقات کاغذی کارروائی مکمل کرنے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں لیکن اس مسئلے کو حل کرنے کے سلسلے میں بھی اصلاحات زیر غور ہیں۔

تمام کالجز کو بروقت ترقیاتی فنڈز کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم نے اپنے دفتر میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کامران خان بنگش نے ضیاء اللہ بنگش کے ساتھ تفصیلی گفت و شنید کرتے ہوئے گورنمنٹ ڈگری کالج استرزئی کوہاٹ کے لیے 1 کروڑ روپے کے بقایا جات ریلیز کروانے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے متعلقہ افسران کو ایک ماہ کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جنوری میں کالج کا افتتاح کیا جائے گا، تاکہ متعلقہ کالج سے متصل طلباء و طالبات کو تعلیمی سہولیات بغیر کسی تا خیر کے مل سکیں۔بعد ازاں، وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے آئی ٹی ضیاء اللہ بنگش نے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش کے عوام دوست رویے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں