انسداد پولیو مہم کے دوران تمام اہلکاروں اور متعلقہ محکموں نے جس تندہی سے فرائض کی بجاآوری کو یقینی بنایا وہ قابل تحسین ہے،عارف الله

ہفتہ 5 دسمبر 2020 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف الله نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران تمام اہلکاروں اور متعلقہ محکموں نے جس تندہی سے فرائض کی بجاآوری کو یقینی بنایا وہ قابل تحسین ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30نومبر سے 4دسمبر تک جاری رہنے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے اختتام پر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر رحیم خٹک، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ الله، پولیو ایریڈیکیشن آفیسرڈاکٹر نثار بھٹنی، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عرفان عزیز، ایل ایچ ڈبلیو کوآرڈینیٹر ، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران 3لاکھ31ہزار37پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے جو کہ مجموعی ہدف کا 98فیصد بنتا ہے۔

(جاری ہے)

گیسٹ چلڈرن کی تعداد 16ہزار552رہی۔مزید بتایا گیا کہ مہم کے اختتام کے بعد مارکیٹ سروے انجام دیا جائیگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عارف الله نے انسداد پولیو ٹیموں سمیت تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گھر گھر جا کر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانا آسان کام نہیں ہے لہذا اہداف کا حصول قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں یہ میری پہلی مہم تھی جس کے دوران بہت اچھا تجربہ رہا ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود ٹیم کی جانب سے انسداد پولیو کے حوالے سے سنجیدگی اور دلجوئی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور امید ہے کہ اگر اسی جذبے اور گزشتہ مہموں سے سبق سیکھ کر کارکردگی میں نکھار لاتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب ہم اس موذی وائرس سے ہمیشہ کا چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں