صحافی برادری ملک و قوم کی ترقی میں حکومت کی رہنمائی کرتی ہے،ملک شفیع اللہ خان

اپنی قلم کے ذریعہ معاشرے کو سدھارنے میں ان کا نمایاں کردار ہے اسی لیے صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی

جمعہ 15 جنوری 2021 22:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی ملک شفیع اللہ خان نے کہا ہے کہ صحافی برادری ملک و قوم کی ترقی میں حکومت کی رہنمائی کرتی ہے اور اپنی قلم کے ذریعہ معاشرے کو سدھارنے میں ان کا نمایاں کردار ہے اسی لیے صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ پریس کلب کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد نے کلب کے صدر سید امجد علی شاہ کی سربراہی میں معاون خصوصی سے پشاور میں ملاقات کی جن میں تیمرگرہ پریس کلب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری احسان اللہ شاکر اور دیگر ممبران بھی شامل تھے۔وفد نے تیمرگرہ کی صحافی برادری کو درپیش مسائل اور پر یس کلب کی ضروریات سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

جس پر شفیع اللہ خان نے وفد کو یقین دلایا کے حکومت کو صحافی برادری کی مشکلات کا احساس ہے اور ان کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اپنے حالیہ دورے کے دوران تیمرگرہ پریس کلب کے لئے پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ کا جو اعلان کیا تھا اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں اور اس کے علاوہ بھی صحافیوں کو مقامی سطح پر سہولیات مہیا کرنے کی پوری پوری کوشش کی جائے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحافی موجودہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات و اصلاحات اور عوام دوست پالیسیوں کو بہتر انداز میں اجاگر کریں گے اور غربت و پسماندگی جیسے مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں