حکمران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈکٹیشن پر عمل پیرا ہیں، آفتاب احمد شیرپائو

تحریک انصاف حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی کارکنان 19 جنوری کواسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ملائشیا میں پی آئی اے کے طیارے کو روکنا حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر سبکی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے، پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 16 جنوری 2021 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چارسدہ کے رہنما میاں فاروق شاہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پارٹی کومزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔اس موقع پرگائوں شیرپائو ضلع چارسدہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈکٹیشن پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ ان کی جماعت کے کارکنان 19 جنوری کواسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے بینر تلے شروع کی جانے والی جدوجہد موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیااور حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو درپیش مسائل میں مزید اضافہ کردیا ۔انھوں نے کہا کہ ملائشیا میںلیز کے تنازعے پر پی آئی اے کے طیارے کو روکنا حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر سبکی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔

آفتاب شیرپائو نے کہا کہ امریکہ اور افغان طالبان کے مابین طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے جس سے امن عمل کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام افغانستان میں امن کی بحالی سے منسلک ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین حکومتی اورعوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ترقی کیلئے امن کا قیام لازمی ہے لہذا خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے کوششیں کیں جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان گذشتہ چار دہائیوں سے بدامنی کا شکار ہے اور افغان عوام اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو ،ضلع چارسدہ کے چیئرمین بابر علی خان،صوبائی و ضلعی رہنماء اور پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں