ؤ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی، میاں افتخار حسین

اتوار 17 جنوری 2021 22:15

=پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام بھرپور احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا، جس میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کے کارکنان اور قائدین شرکت کریں گے۔ اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا کہ 18 جنوری کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، اجلاس پی ڈی ایم کے زیر اہتمام گزشتہ احتجاجی ریلیوں و جلسوں کا جائزہ لیا جائے گا اور 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضہ میں لینا پاکستان کی تاریخ کا شرمناک باب ہے، موجودہ حکمرانوں نے پوری قوم اور ملک کا سر دنیا بھر میں شرم سے جھکا دیا ہے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کو عالمی سطح پر بدنام کردیا ہے اور ان کا مزید اقتدار میں رہنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط دھاندلی کی پیداوار جعلی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے،مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے اور غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے، ملک کی تقدیر بدلنے کے دعویداروں نیملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ دھوکہ کیاک گیا، آج کوئی ملکی ادارہ ایسا نہیں جو خسارے میں نہ ہو، سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان، کلاس فور ملازمین، ڈاکٹرز، نرس، وکلا سب احتجاج کررہے ہیں لیکن وزرا کا ہجوم اور سلیکٹڈ وزیراعظم خود مزے لوٹ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد اور منزل ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور صاف و شفاف اور مداخلت سے پاک انتخابات کا انعقاد ہے، عوام پی ڈی ایم کے بیانئے کے ساتھ کھڑے ہیں اور جعلی حکمرانوں سے چھٹکارا پانے تک پی ڈی ایم چین سے نہیں بیٹھے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں