سی سی پی او پشاور عباس احسن کا ضلع خیبر کا خصوصی دورہ

نئے تعمیر ہونے والے اینٹی کار لیفٹنگ سیل کا افتتاح کیا

جمعرات 21 جنوری 2021 23:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2021ء) کپیٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے گزشتہ روز ضلع خیبر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ضلع خیبر ڈاکٹر محمد اقبال اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سی سی پی او عباس احسن نے خصوصی دورہ کے دوران نئے تعمیر ہونے والے اینٹی کار لیفٹنگ سیل کا افتتاح کیا۔ ڈی پی او خیبر نے اینٹی کار لفٹنگ سیل کے حوالے سے سی سی پی او عباس احسن کو تفصیلی بریفینگ دی۔

سی سی پی او نے اس موقع پر اینٹی کار لیفٹنگ سیل کے مختلف سیکشنز کا بھی جائزہ لیا۔ سی سی پی او نے پولیس افسران سے ملاقات کے دوران کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد تیزی کے ساتھ پولیس دفاتر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ قبائلی عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سی سی پی او نے کہا کہ خیبر میں اینٹی کار لیفٹنگ سیل کا افتتاح کیا گیا ہے جس کے قیام کی وجہ سے ضلع خیبر پولیس کی سرقہ شدہ گاڑیوں کو برآمد کرنے کی استعدادکار میں نمایاں بہتری آئیگی۔

سی سی پی او نے '' گرین پاکستان ''کے تحت پودا لگایا اور ملک و قوم کی ترقی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔دورے کے دوران ڈی پی او خیبر ڈاکٹر محمد اقبال نے سی سی پی او عباس احسن کو ضلع خیبر کے تمام تر سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ سی سی پی او نے اس موقع پر پولیس جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو علاقہ کی رسم و رواج کا خیال رکھنے کی بھی سختی سے تاکید کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اصلاحات کا عمل لائق تحسین ہے جس سے علاقہ میں ترقی کے ایک نئے دورکا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پوری طرح مستعد ہے اورامن و امان کے قیام کی خاطر تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔سی سی پی اوعباس احسن نے سیکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حقیقی معنوں میں خادم ہے جو عوام کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے۔

سی سی پی او نے فرنٹئیر کور سیکٹر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران فرنٹئیر کور کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر شوکت رانا محمود کیساتھ ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں افسران کے درمیان علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر سیکٹر کمانڈر نے سی سی پی او عباس احسن اور ڈی پی او خیبر کو خصوصی شیلڈز پیش کیں۔ بعد ازاں سی سی پی او نے ضلع خیبر کے مختلف علاقوں شاہ کس، باڑہ، فرنٹئیر روڈ کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں