پشاور،صحت کارڈ پلس منصوبہ عوام کا معیار زندگی بلند اورصوبے میں خوشحالی لائے گا، تیمور جھگڑا

جمعہ 22 جنوری 2021 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) صحت کارڈ پلس منصوبہ خیبر پختونخواکے رہائشیوں کا معیار زندگی بلند کرے گا اور صوبے میں میں خوشحالی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کے آغاز کے بعد بعد عوام کو سنگین صحت مسائل اور بیماریوں میں مالی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے شگئی بالا میں صحت کارڈ کے حوالے سے آگاہی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ارباب وسیم، مقامی عمائدین اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت کارڈ پلس منصوبہ کئی لحاظ سے اہم ثابت ہو گا۔ خیبرپختونخوا کے مستقل شہریوں کو اب سنگین صحت مسائل یا بیماری کی صورت میں علاج معالجے کے لیے مالی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ اب وہ ملک بھر میں 400 سے زائد ہسپتالوں میں اپنے قومی شناختی پر مفت علاج کرا سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پلس منصوبہ نہ صرف عوام کا معیار زندگی بلند کرے گا بلکہ اس سے صوبے میں خوشحالی بھی آئے گی۔ عوام علاج معالجے پر خرچ ہونے والی رقم کی بچت یا پھر کسی اور مد میں خرچ کر سکیں گے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ 31 جنوری کو جنوبی اضلاع میں صحت کارڈ پلس منصوبہ کے اجراء کے بعد صوبے بھر کی آبادی کو 10 لاکھ روپے تک سالانہ ہیلتھ انشورنس حاصل ہو جائے گی۔ صحت کارڈ کے حوالے سے تقریب سے ایم پی اے ارباب وسیم نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے غریب عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے اپنے حلقے میں آنے اور شہریوں کو صحت منصوبے کی افادیت سے آگاہ کرنے پر وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا شکریہ ادا کیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں