پشاور،اے این پی کا دہشتگردی کے خلاف جنگ کی تحقیقات کیلئے ٹرتھ کمیشن کا مطالبہ

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ سلیکٹرز قوم پر رحم کریں،سلیکٹڈ کو بچانے کی بجائے پاکستان کو بچائیں۔پاکستان پر ایسی حکومت مسلط کردی گئی ہے جہاں پر اب جہازوں کی انڈر پلے ہوتی ہے۔نام نہاد صادق اور امین نے ملک کو برباد کردیا ہے۔صادق اور امین نے قرضے لیکر معیشت تباہ کردی ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیر حیدر خان ہوتی نے پشاور میں فخر افغان باچا خان و رہبر تحریک خان عبد الولی خان کی برسیوں کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عظیم الشان جلسہ عام سے اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین ،اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے مزید کہا کہ صادق و امین نے جس طرح معیشت کا ستیاناس کردیا ہے اسی طرح اسلامی ممالک اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بھی نقصان پہنچایا۔ صادق و امین ایک اچھا کرکٹر تھا لیکن حکمران نہیں۔ صادق و امین کو اقتدار میں لانے والو کا تجربہ ناکام ہوچکا ہے۔سلیکٹرز کو اب عمران خان کی بجائے پاکستان کو بچانا چاہئیے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا کہ پاکستان کے وفاداروں نے پاکستان کودوحصے مگرغداروں نے اس وقت بھی بچانے کی کوشش کی،:اس پاکستان میں ائین کی بات کرنیوالوں کوغداراورائین کیخلاف بات کرنیوالوں کووفادارکہاجاتاہے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ امریکی ٹرمپ توچلاگیا،مگراب ہم نے بھی مصنوعی ٹرمپ کوبھی بھگاناہے،نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن افغانستان کی حالات پر خصوصی توجہ دے،افغانستان کی حالات پرپاکستان نے بھی ساتھ دیناہوگا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ2008سے لیکر آج تک دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مکمل تحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن قائم کیا جائے جو یہ تحقیقات کرائیں اور عوام کو یہ واضح کریں کہ یہ جنگ کس نے مسلط کی کس نے پشتون خطے میں یہ آگ لگائی اور عدم تشدد کے پیروکاروں نے کس لئے یہ قربانیاں دی ہیں ضم اضلاع کیلئے اعلان کردہ ترقیاتی بجٹ ،100ارب روپے اور 3فیصد این ایف سی حصہ فوری طور پر ادا کی جائے۔

اسی طرح بے گھر افراد کی فوری بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ضم اضلاع کو فوری طور پر ڈی مائن کیا جائے ۔ گمشدہ افراد کو فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیا جائے ۔ افغان امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے پاکستان سمیت تمام قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسکے ساتھ ساتھ افغانستان کے ساتھ تمام تجارتی راستے کھول دیے جائیں۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں دہشتگرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔ایمل ولی خان نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ غیراعلانیہ پابندیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ میڈیا پر قدغنیں لگائی جارہی ہیں، عدلیہ کے فیصلوں پر کچھ افراد اثرانداز ہورہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی اسی لئے پی ڈی ایم کا حصہ ہے کہ جو حق باچاخان نے ووٹ اور اختیار کی صورت میں جیتا تھا وہ عوام کو دیا جائے۔ #

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں