ضلعی انتظامیہ پشاورکا تجاوزات کے خلاف آپریشن،رنگ روڈ پر 30 کنال اراضی قبضہ مافیا سے واگزار

بدھ 27 جنوری 2021 23:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے پی ڈی اے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ڈاکٹر احتشام الحق نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ اور پی ڈی اے حکام کے ہمراہ رنگ روڈ پر ورسک روڈ کے قریب تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔

اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران 30 کنال پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔جبکہ کارسرکار میں مداخلت پر تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے بیرون گنج گیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کرنے پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے جی ٹی روڈ پر مختلف ریسٹورنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے ناغے کے دن گوشت فروخت کرنے پر بیشتر منیجرز کو گرفتار کر لیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنزیل الرحمان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے دکانوں سے باہر سامان رکھنے پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرکے مطابق پشاور کے تمام علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔اور دوبارہ تجاوزات قا ئم کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں