ملک بھر سے سیاحوں کی آمد خوش آئندہے،سیکرٹری محمد عابد مجید

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا، کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کے باہمی اشتراک سے جاری فیسٹیول تین روز تک جاری رہے گا، ہینڈی کرافٹ ، فوڈ اور دیگر سٹالز بھی سجائے جائینگے

جمعہ 26 فروری 2021 23:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 فروری2021ء) سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا محمد عابد مجید نے کہاہے کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا سیاحوں کو پورے صوبے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ گبین جبہ مالم جبہ کے بعد صوبے کی خوبصورت ترین ہے ۔ سیاح اب موسم سرما میں بھی ملک بھر سے ان سیاحتی مقامات کا رخ کررہے ہیںجو صوبے کی معیشت کیلئے خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گبین جبہ سوات میں سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان ،محکمہ سیاحت کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کے باہمی اشتراک سے سوات کی حسین وادی گبین جبہ میں سنو سپورٹس اینڈ کلچرفیسٹیول کا آغاز ہو گیا ۔

(جاری ہے)

جس کے پہلے روز گبین جبہ کے مقام پر سنو میراتھن کے مقابلے ہوئے جبکہ ساتھ ہی ماس کشتی اور رسہ کشی کے مقابلے بھی برف باری میں منعقد کئے گئے ۔فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ہینڈکرافٹ سٹالز،ٹورسٹ انفامیشن ڈیسک، کلچرل ڈانس پرفارمنس اور رباب موسیقی بھی رکھی گئی ہے جبکہ ان سب کے علاوہ ایف سی ڈانس پرفارمنس، پشتو مشاعرہ ، میجک شو، مارشل آرٹ شو ، سٹیج ڈرامہ اور دیگر سرگرمیاں بھی منعقد کی جائینگی ۔ فیسٹیول میں گلوکارشاہد علی خان، خالد ملک، ہمایون خان، معیز، شوکت محمود، الماس خان خلیل سمیت دیگر پرفارمنس پیش کرینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں