ضلع ملاکنڈکو ہر قسم کے جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جائے گا ،سہیل خان

․مذکورہ ضلع کو ایک پرامن اور ترقی کے لحاظ سے مثالی بنانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویزفورس

منگل 2 مارچ 2021 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویزفورس سہیل خان نے کہا ہے کہ ضلع ملاکنڈکو ہر قسم کے جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جائے گا اور مذکورہ ضلع کو ایک پرامن اور ترقی کے لحاظ سے مثالی بنانے کیلئے ہرممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز اپنے دفتر ملاکنڈ میں ضلع بھر سے آئے ہوئے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بحیثیت ضلعی انتظامی سربراہ ضلع ملاکنڈ میں مثالی امن کا قیام اور عوام کو ان کی دہلیز پر زیادہ سے زیادہ سہولیات و آسانیاں پید ا کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس ضمن میں ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ۔انھوںنے وفود سے کہا کہ ضلع میں امن کو برقرار رکھنے اور ترقی کے سفر کو جاری و ساری رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ عوام کا بھی کلیدی کردار ہے اور عوام کی شراکت داری کے بغیر انتظامیہ اکیلئے اپنے مقاصد کو صحیح انداز میں حاصل نہیں کر سکتا لہٰذا عوام بھی ضلع ملاکنڈ میں سماج دشمن عناصر کے خلاف اقدامات اٹھانے ،امن کو برقرار رکھنے اور ترقیاتی سفر میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بحیثیت ذمہ دارشہری قانون پر عملدرآمد ہر کسی پر لازم ہے اور کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں لہٰذا ضلع میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور یہاں پر ہر حال میں امن و آمان کو برقرار رکھنے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔انھوں نے وفود کے مسائل و مشکلات غور سے سنے اور اسے حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وہ عنقریب ضلع بھر میں عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا کریں گے تاکہ موقع پر عوامی مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں