پشاور، محکمہ خوراک کا رمضان آپریشن ‘ گرانفروشی پر مزید 31 افراد گرفتار

سحری و افطاری میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا جائے ‘ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر

جمعہ 23 اپریل 2021 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) محکمہ خوراک نے رمضان آپریشن کے دوران مزید 31 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان ‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ ‘ فوڈ انسپکٹر محسن نثار اور بلال آفریدی نے متنی ‘ بڈھ بیر ‘ گلبہار اور فقیر آباد کے مختلف علاقوں میں رمضان آپریشن کے دوران اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں نرخوں بارے آگاہی حاصل کی اور معیار کو چیک کیا ۔

سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 31 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے ۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش ‘ دودھ و دہی فروش ‘ نانبائی ‘ قصائی ‘ جنرل سٹور و بیکری مالکان اور دیگر شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کا قلع قمع کرنے کے لئے پشاور بھر میں کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کے تحت محکمہ خوراک کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سحری و افطاری کے دوران شہری و دیہاتی علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں جن کو واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ نا جائز منافع خوری کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لای جائے ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں