بہت جلد پختونخوا ریڈیو شمالی وزیرستان اور خیبر بھی فعال کر دیں گے،کامران بنگش

خیبرپختونخوا میں عوام کو سچ ذمہ داری کے ساتھ فراہم کرنے پر معاون خصوصی کامران بنگش کی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کی سالانہ کارکردگی کی تعریف

ہفتہ 12 جون 2021 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) خیبرپختونخوا میں عوام کو سچ ذمہ داری کے ساتھ فراہم کرنے پر معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کی سالانہ کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ ہفتہ کے روز سول سیکرٹریٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ارشد خان سے ملاقات کے دوران کہا کہ محکمہ اطلاعات نے عصری تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کو مختلف میڈیم کے ذریعے معلومات و خبریں فراہم کی ہیں، بیرونی پراپیگنڈہ کو زائل کرنے کے لیے پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک کا کردار بھی قابل تعریف ہے، بہت جلد پختونخوا ریڈیو شمالی وزیرستان اور خیبر بھی فعال کر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاوسز و صحافیوں کے مسائل اور ان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے محکمہ اطلاعات نے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں، محکمہ اطلاعات کا چارج سنبھالتے ہی میڈیا و صحافیوں کے لیے آفس کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے رکھے ہیں، رواں سال محکمہ اطلاعات کے بجٹ کا استعمال نوے فیصد سے زیادہ رہا، میڈیا اصول کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے ساتھ دو طرفہ کمیونیکیشن کا عمل جاری رہا، آج محکمہ جاتی کارکردگی میں اطلاعات و تعلقات عامہ سب سے بہترین پوزیشن پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریجنل دفاتر کے دورے کئے گئے اور وہاں پر ریجنل انفارمیشن آفیسرز کے مسائل اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے گئے، اطلاع سیل محکمہ اطلاعات کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ صحافیوں کو بروقت اعلیٰ کوالٹی فوٹیجز، آڈیو اور خبریں فراہم کرنے میں اطلاع سیل کا کردار بھی اہمیت کا حامل ہے، میڈیا کارکنان کو اب دفتر بیٹھے نشریاتی مواد فراہم کیا جاتا ہے جس سے وقت اور وسائل کی بچت ممکن بنائی جا رہی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات ارشد خان نے معاون خصوصی کو محکمہ اطلاعات کی چترال سے لے کر وزیرستان تک معلومات و خبریں فراہم کرنے کی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان کے اصلاحاتی وژن کو محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں لاگو کر چکے ہیں جس کے ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں جہاں کہیں مزید اصلاحات متعارف کرانا ہوں گے وہاں پر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات نے متنوع پالیسی کو اپناتے ہوئے حکومت و عوام کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے اور اپنا اعتماد بحال کر دیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں