ٹریفک حکام و اہلکار آئی جی کے وژن کے مطابق ڈیوٹی انجام دیں‘ عباس مجید خان مروت

عملہ بلا تعطل ٹریفک نظام کی روانی یقینی بنانے کے لئے چوکس رہیں اور اپنی ڈیوٹی نہایت ہی ایمانداری سے ادا کریں‘ چیف ٹریفک آفیسر

پیر 14 جون 2021 21:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت نو تعینات انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹرز عبداالسلام خالد‘ ایس پی کینٹ امان اللہ‘ ایس پی سٹی اور ڈی ایس پیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک افسران اور اہلکار نو تعینات آئی جی معظم جاہ انصاری کے وژن خدمت‘ دیانت‘عزت اور محنت کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ڈیوٹی انجام دیں اور کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتیں اس سلسلے میں ٹرن آؤٹ بالکل برابر رکھیں اور سلام کلام کی پالیسی کو اپناتے ہوئے خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ محکمے کا وقار برقرار رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حکام اور اہلکار بلا تعطل ٹریفک نظام کی روانی یقینی بنانے کے لئے چوکس رہیں اور اپنی ڈیوٹی نہایت ہی ایمانداری سے ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے جاری مہمات میں تیزی لائی جائے اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام شہر کے تمام سیکٹروں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ بھی جاری رکھیں اور شہریوں کو ٹریفک اصولوں کا پابند بنائیں جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر میں پلازوں میں پارکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ خریداری کیلئے آنے والے افراد سڑک کنارے گاڑیاں نہ کھڑی کریں اور شہریوں کو بلا تعطل ٹریفک نظام فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں