خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس اور بی آر ٹی کے مختلف سٹیشنز کا دورہ

جمعرات 17 جون 2021 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس بروز جمعرات کوبی آر ٹی مرکزی دفتر چمکنی پشاور میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت علی خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و ارکانِ صوبائی اسمبلی عبدالغفار، فہیم احمد خان، ملیحہ علی اصغر اور شفیق شیر آفریدی جبکہ ایم پی اے ریحانہ اسمعیل کی بطور محرک شرکت سمیت سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور سی ای او ٹرانس پشاور بھی اجلاس میںشریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیکرٹری و ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو نے قائمہ کمیٹی ممبران کو بی آر ٹی کے تمام آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ مفاد عامہ کی خاطر بی آر ٹی پشاور نے موبائل ایپ بھی متعارف کی ہے جس کی مدد سے سروسز کی تمام تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لاکھوں افراد اس سہولت سروس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

سی ای او ٹرانس پشاور نے کمیٹی کو کہا کہ بس کا اگلا حصہ صرف خواتین کے لیے مختص ہے اور خصوصی افراد کیلئے بھی نشستیں مخصوص رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے اہم تعلیمی ادارے، اسپتال اور کمرشل ادارے بی آر ٹی کے روٹ سے منسلک ہیں اور اس سے رش میں کمی سمیت سفر کا دورانیہ بھی بہت حد تک کم ہو گیا ہے۔کمیٹی ممبران نے بی آر ٹی کے مرکزی دفتر میں قائم شکایت سیل اور جدید کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔

بعد ازاں قائمہ کمیٹی کے ممبران نے چیئر مین و ایم پی اے لیاقت علی خان کی سربراہی میں بی آر ٹی بس میں عام شہریوں کے ساتھ سفر بھی کیا اور چمکنی تا کارخانو مارکیٹ کئی سٹیشنز پر رک کر خود کار دروازوں، برقی زینے، لفٹ، سیکیورٹی کیمروں، وائی فائی سہولت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات اور گملوں و پودوں کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے بس اور اسٹیشنز پر موجود افراد سے گفتگو کی اور ان کی رائے معلوم کی۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی و چئیر مین قائمہ کمیٹی لیاقت علی خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی پشاور عوام کیلئے ایک کامیاب اور بہترین سفری سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 فیڈر روٹ سمیت مرکزی راہداری پر چلنے والی بی آر ٹی شہر کے اندر 60 کلومیٹر تک سروس فراہم کر رہی ہے۔ چیئر مین کمیٹی کا کہنا تھا کہ جدید موبائل ایپلیکیشن اور بائیسیکل شیرینگ سسٹم اپنی نوعیت کا پاکستان میں پہلا پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے پر تنقید کرنے والے صرف اور صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں