داسو منصوبے کی تکمیل سے سستی بجلی میسر ہونے سے صنعت کو فروغ ملے گا ، ڈاکٹر کاظم نیاز

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیاحتی مقامات کو پلاسٹک فری بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

ہفتہ 19 جون 2021 20:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان کے داسو ڈیم کے دورے کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر کمشنر ہزارہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت کی کہ داسو ڈیم ایک اہم قومی منصوبہ ہے جس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ داسو منصوبے کی تکمیل سے سستی بجلی میسر ہونے سے صنعت کو فروغ ملے گا اور خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کے نئے دور کی شروعات ہونگی۔ یاد رہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 4320 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل ہے۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کاغان کا دورہ کرتے ہوئے ماحول دوست شاپنگ بیگز مہم کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیاحتی مقامات کو پلاسٹک فری بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ سیاحتی مقامات کی صفائی اور ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پلاسٹک پر پابندی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو ماحول دوست تھیلوں کے استعمال کی ترغیب دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ماحول دوست شاپنگ بیگز کی مفت تقسیم کے حوالے منعقدہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

چیف سیکرٹری کو کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے ماحول دوست شاپنگ بیگز بارے بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر چیف سیکرٹری ملک بھر سے بڑی تعداد میں آئے ہوئے سیاحوں سے ملے اور ان میں گھل مل گئے۔ مقامی شہریوں اور سیاحوں میں مفت ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کئے اور انہیں تلقین کی کہ سیاحتی مقامات کے ماحول اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ سیاحتی سیزن کے دوران ان علاقوں کو پلاسٹک فری بنانے سمیت ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر ٹراؤٹ مچھلیاں بھی پانی میں چھوڑیں تاکہ ان کی افزائش ممکن ہو سکے ساتھ ہی انہوں نے وہاں پودا لگا کر شجر کاری بھی کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں