محکمہ خوراک کی کوہاٹ میں کارروائی ، گرانفروشی کرنے والے متعدد افراد گرفتار

بدھ 23 جون 2021 00:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء)محکمہ خوراک نے کوہاٹ ہائی وے روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد خان کی نگرانی میں اسسٹنٹ کنٹرولرز واجد علی‘ عارف الرحمان اور فوڈ انسپکٹر سبز علی نے کوہاٹ ہائی وے روڈ پر مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور نرخناموں کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے ،کم وزن روٹی فروخت کرنے اور ناغے کے دن ہوٹلز میں گوشت کی فروخت پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کرادئے گئے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد خان نے کہا کہ گرانفروشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیںاور ایسے قبیح فعل کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے گرانفروشوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں اور شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کی دکانوں کو سیل کردیا جائے گا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں