بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، تیمور جھگڑا

وزیر صحت و خزانہ سے عالمی بینک کے وفد کی ملاقات، باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 23 جون 2021 00:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) خیبرپختونخوا کے بجٹ برائے مالی سال 2021-22 میں صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ مختلف ٹیکسوں کو ختم، ضم یا ان کی شرح کم کی گئی ہے تاکہ ٹیکسوں کا نظام آسان اور بزنس فرینڈلی ہو۔ ضم اضلاع کی ترقی کے اپنے محاصل سے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ حکومت سب سے زیادہ انسانوں پر خرچ کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ نجے بن ہسینے کی سربراہی میں آنے والے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر باہمی تعاون اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے وفد کو صوبائی حکومت کے مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور براہ راست شہریوں کی بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں مختلف شعبوں پر نافذ ٹیکسوں کو ختم کردیا گیا ہے اور کئی ٹیکسوں کو ضم اور کئی ایک کی شرح کم کی گئی ہے۔ یہ اقدامات صوبے میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ اسی طرح ترقیاتی بجٹ کا ایک بڑا حصہ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے رکھا گیا ہے۔ نئی سڑکوں کی تعمیر سے شہروں اور دیہات کے درمیان سفر آسان ہو گا جو کہ اقتصادی سرگرمیوں کو مزید دوام بخشے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی توجہ شہری ہیں اور سب سے زیادہ شہریوں کو براہِ راست سہولت میسر کرنے والے منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں عام شہریوں کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے دیہاتوں میں قائم بنیادی مراکز صحت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بجٹ میں فنڈز رکھے گئے ہیں۔ ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں صاف پینے کے پانی کے منصوبوں کے لیے پہلے سے زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔

ضم شدہ اضلاع میں وفاقی حکومت کے تعاون کے علاہ اپنے محاصل سے بھی خطیر فنڈز خرچ کر رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے محاصل کو پہلے سے زیادہ کرنے پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور آئندہ مالی سال میں 75 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ نجے بن ہسینے نے صوبائی بجٹ کو بہترین قرار دیا اور خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ جاری باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں