پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، پی ٹی آئی نے مہنگائی کا ایک اور بم عوام پر گرا دیا،مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا ،سکندر حیات شیر پائو

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کا ایک اور بم عوام پر گرا دیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے متنی ضلع پشاور میں شمولیت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے این پی اور پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں حاجی مہر گل، منیر خان،بہادر جہاں،راجہ،حاجی ظہور خان،آصف خان،حسن خان،حاجی اقبال شاہ،اسفندیار خان،تاج محمد،مقدر خان،بغداد خان،حاجی فاتح خان اور لائوس خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندر شیرپائونے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو ظلم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اضافہ کوواپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ اور روپے کی قیمت میں مزید کمی سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا جس سے عام آدمی شدید متاثراور ان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں سے عیاں ہو چکا ہے کہ ان کاپروگرام غربت نہیں ’’غریب مکائو‘‘ ہے۔

انھوںنے کہا جتنی مہنگائی گزشتہ تین برسوں میں بڑھی ملکی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔انھوں نے کہا کہ جب تک حکمران آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہیں گے مہنگائی کے سیلاب کو روکنا ممکن نہیں۔انھوں کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آنے سے پہلے غریب عوام کو ریلیف دینے کا ڈھنڈورا پیٹتی رہی لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ہر روز غریب عوام پر مہنگائی کے بم برسائے جارہے ہیں جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے اورقومی وطن پارٹی اس کے خلاف ہر سطح پربھرپورمیں احتجاج کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بجلی، سوئی گیس، سی این جی، ایل پی جی،ادویات ،آٹا،چینی ،گھی اور دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کئے گئے خوشحالی کا دور لانے کے وعدے سے بے وفائی کی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ منی بجٹ ہے اس سے زراعت اور صنعت و تجارت پر منفی اثرات مرتب ہونگے اور مہنگائی و بیروزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوجائے گا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،ضلع پشاور کے چیئرمین الحاج ملک سلیم چمکنی،جنرل سیکرٹری حاجی فخر زمان،وائس چیئرمین اسرار باچہ،ملک کامران،سیکرٹری انفارمیشن امان اللہ خان ،آصف گل متنی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں