دہشتگردوں کو عام معافی کا اعلان کرنے والے پاکستانی تشخص کو نقصان پہنچارہے ہیں، ایمل ولی خان

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو عام معافی کا اعلان کرنے والے پاکستانی تشخص کو نقصان پہنچارہے ہیں۔جن کو عام معافی کا اعلان کیا جارہا ہے انہوں نے کل تخت بھائی میں ایک پولیس اہلکار کو شہید کیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ دہشتگردی و دہشتگردوں کی حمایت کرنیوالوں کو سمجھ آگیا ہوگا کہ اس حماقت کا بین الاقوامی سطح پر کیا اثر پڑ رہا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تشخص تباہ کردیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخ ہونا صرف کرکٹ کی بات نہیں، یہ پاکستان کے تشخص کا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر اور وزراء کی جانب سے جب دہشتگردوں کی حمایت کی جائیگی تو نتیجہ یہی نکلے گا۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد کی پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن دہشتگردی کے خلاف موقف واضح ہے۔آج بھی سلیکٹڈ وزیراعظم، صدر اور انکے وزراء دہشتگردوں کی حمایت میں مقابلہ کررہے ہیں۔ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ اگر پالیسی یہی رہی تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان گرے لسٹ کی بجائے بلیک لسٹ میں شامل ہوگا۔حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں