شانگلہ میں زلزلے سے تباہ شدہ تین سڑکوں اور دو پلوں کی دوبارہ تعمیر کا باقی ماندہ کام ایرا سے صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء)ضلع شانگلہ میں زلزلے سے تباہ شدہ تین سڑکوں اور دو پلوں کی دوبارہ تعمیر کا باقی ماندہ کام ایرا سے صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان سڑکوں اور پلوں میں اولندر - لیلونئی روڈ، میاں کلے روڈ، دونئی روڈ، رانیاں پل اور سسوبی پل شامل ہیں۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔

صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی اور ایرا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کے علاوہ متعلقہ صوبائی محکموں اور ایرا کے کے دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ان سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے باقی ماندہ کام کو صوبائی حکومت کے کے حوالے کرنے کا مقصد کافی عرصے التوا کا شکار ان منصوبوں کی جلد سے جلد تکمیل کو ممکن بنا کر علاقے کے لوگوں کو درپیش سفری مشکلات کو دور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایرا کے تحت مذکورہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کا بیشتر کام مکمل ہوچکا ہے لیکن اب سڑکوں اور پلوں کے کچھ حصے نامکمل ہونے کی وجہ سے یہ سڑکیں اور پل آمدورفت کے لئے استعمال نہیں ہو سکتے جس کے نتیجے میں شانگلہ کے عوام کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کے پیش نظر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے وزیر اعلی محمود خان سے ان سڑکوں اور پلوں کے باقی ماندہ کاموں کو ایرا سے صوبائی حکومت کے متعلقہ محکمے کو حوالے کرنے کی خصوصی درخواست کی جس پر وزیر اعلی نے معاملہ ایرا کے چیئرمین کے ساتھ اٹھالیا۔

اجلاس میں ان سڑکوں اور پلوں کے باقی ماندہ کام کو صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور ایرا کے متعلقہ حکام اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں