صوبائی حکومت کی شاندار پالیسیوں کی بدولت خیبر پختونخوا میں صنعتی اور تجارتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے،عبدالکریم

بدھ 22 ستمبر 2021 23:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) صوبے کی نئی صنعتی پالیسی کی بدولت صنعت و تجارت کو کافی فروغ مل رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت و فوکل پرسن برائے سرمایہ کاری عبدلکریم نے پاکستان ٹیلی ویژن کے حالات حاضرہ کے پروگرام ھندارہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا،معاون خصوصی نے مزید کہا کہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کو کارکردگی کی بدولت دوسری بار عوام نے اعتماد کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ہمیں تباہ حال معیشت اور ناکارہ انڈسٹر ی ورثے میں ملی لیکن موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی انتھک محنت کی بدولت معیشت میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں صوبے میں لاکھوں ڈالر مالیت کے صنعتی یونٹ لگائے جا رہے ہیں جس میں رشکئی سپیشل اکنامک زون جو کہ صوبے کا پہلا سی پیک پراجیکٹ ہے قابل ذکر ہے جس میں 128 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ صوبے میں بند صنعتی اور ناکارہ صنعتی یونٹوں کو بھی بحال کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ نئے ضم اضلاع میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے فزیبیلٹی سٹڈی بھی آخری مراحل میں ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان بنوں اور کرک میں بھی اکنامک زون پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی بدولت صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اس کے علاوہ صوبے کی نئی صنعتی پالیسی میں MEs, کاٹیج انڈسٹری کے فروغ اور ترقی اور آسان شرائط اور بلا سود قرضوں کا اجراء بھی کیا جارہاہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے میں ہنر مند افراد کی کمی کو پورا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا ئے جارہے اور اس سلسلے میں اکیڈمیا اور انڈسٹری کے رابطوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں