خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کا عمل صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے، ثمر ہارون بلور

تحریک انصاف کی حکومت سوشل میڈیا کاسہارا لے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے،صوبے میں پچھلے آٹھ سال سے جنکی حکومت ہے ان کی سیاست صرف فیس بک اور ٹوئٹر تک محدود ہے،پچھلے سال پناہ گاہوں کے قیام کا شوشہ چھوڑا گیا، آج فنڈز نہ ہونے کے باعث پشاور کی تین پناہ گاہیں بند کردی گئیں،صوبائی ترجمان عوامی نیشنل پارٹی

جمعرات 23 ستمبر 2021 23:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کا عمل صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سوشل میڈیا کاسہارا لے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔ صوبے میں پچھلے آٹھ سال سے جنکی حکومت ہے ان کی سیاست صرف فیس بک اور ٹوئٹر تک محدود ہے اور اسی راستے صوبے کا انتظام چلایا جارہا ہے۔

فنڈز نہ ملنے کے باعث پشاور میں تین پناگاہوں کی بندش پر رد عمل دکھاتے ہوئے اے این پی خیبر پختونخوا کی ترجمان نے کہا کہ تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر عوام سے مذاق کیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے عوام پچھلے آٹھ سال سے جبکہ پورا پاکستان تین سال سے تبدیلی کے عذاب کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

فیس بک اور ٹوئٹر پر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرکے تبدلی نہیں آتی، اصل تبدیلی عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال پناہ گاہوں کے قیام کا شوشہ چھوڑا گیا اور اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت اور پاکستان بیت المال کے مابین معاہدے بھی ہوئے۔ صوبہ بھر میں قائم ہونے والی ان پناگاہوں کیلئے 680 ملین روپے بھی مختص کئے گئے۔ اس منصوبے کے تحت رواں سال اپریل تک ان پناگاہوں کو مکمل ہونا تھا۔ لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ فنڈز نہ ملنے کے باعث پشاور میں تین پناگاہیں بند کردی گئی ہیں۔

صوبائی دارلحکومت میں جب منصوبوں کا یہ حال ہے تو عوام اندازہ لگا سکتے ہیں کہ باقی اضلاع میں کیاحالت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے صوبے کے وسائل کو ناکام اور عارضی منصوبوں کی نذرکردیا ہے۔ جب سے صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے صوبے کے عوام نے اچھا دن نہیں دیکھا۔ کارکردگی کی حالت یہ ہے کہ بی آر ٹی جیسے کرپشن کے میگا اور عملی طور پر ناکام منصوبے کے علاوہ آٹھ سال میں عوام کو کوئی تحفہ نہ دے سکی اور پرائے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

نئے منصوبوں کے نام پر فنڈز کی خردبرد اور اقرباء پروریوں کا سلسلہ زوروشور سے جاری ہے۔ اے این پی عوام کا پیسہ اور صوبے کے وسائل اس طرح ضائع کرنے پر خاموش نہیں رہے گی۔ متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ پناہ گاہوں کی بندش اور ان کیلئے مختص فنڈز کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں