منظم راہزن گروہ گرفتار، اسلحہ ، مسروقہ رقم اور موبائل فونز برآمد

پیر 27 ستمبر 2021 20:07

پشاور۔27ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) :سٹی پولیس پشاور نے تھانہ خزانہ کی حدودمیں سرگرم منظم راہزن گروہ کو کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق افغانستان جبکہ دیگر نواحی علاقوں کے رہائشی ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں اسلحہ کی نوک پرراہزنی کا اعتراف کر لیا ہے۔  ملزمان کی نشاندھی پر ان کے قبضے سے مسروقہ نقد رقم، موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مدعی بلال ولد سعید سکنہ گلاب ٹاون نے تھانہ خزانہ پولیس کو راہزنی کی رپورٹ کی تھی جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ خزانہ سلیم خان نے مدعی کی رپورٹ کی روشنی میں شواہد اکٹھا کرکے جامع تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کیا گیا، جس کے دوران راہزنی میں ملوث اصل گروہ کا سراغ لگا کرگزشتہ روز 5 ملزمان ثناءاللہ ولد خلیل گل سکنہ گلاب ٹاون، موسیٰ ولد شیر خان سکنہ افغانستان حال گلاب ٹاون، عادل ولد ہادی گل ، علی خان ولد رحمت گل اور یاسر ولد اقبال ساکنان لڑمہ کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران راہزنی کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے ،ملزمان  کی نشاندہی پر ان کے قبضے سے چھینی گئی رقم ہزاروں روپے نقد، تین عدد موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ دو عدد پستول بھی برآمد کر لئے گئے ہیں ، گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔



پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں