پشاور،عوامی مشکلات میں اضافہ ناقابل برداشت ہے، لگتا ہے حکومت وقت پورا نہیں کریں گی، امیرحیدر خان ہوتی

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عوامی مشکلات میں اضافہ ناقابل برداشت ہے، لگتا ہے حکومت وقت پورا نہیں کریں گی،آج غریب عوام کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے ، کفر کے نظام میں بھی ایسا ظلم نہیں دیکھا گیا۔پلوسئی پشاور میں میاں فرحت شاہ کی خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ انسان پہلے ہی مایوس ہوچکے تھے، خلائی مخلوق بھی ہاتھ کھینچ رہے ہیں کیونکہ ان پر بھی عمران خان کی نااہلی ثابت ہوچکی ہے۔

پاکستان میں فیصلے کہیں اور سے ہورہے ہیں،ع اور م کے ناموں پر ملک کے فیصلے ہورہے ہیں۔آج پاکستان دنیا میں چوتھا مہنگاترین ملک بن چکا ہے، غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے لیکن حکمران سچ نہیں بول سکتے۔

(جاری ہے)

امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ حکمران کم از کم آج سچ بول دیں کہ انہوں نے جو کہا تھا جھوٹ تھا، نوکریاں، پچاس لاکھ گھر سب کچھ جھوٹ تھا۔آج حکمرانوں کو ماننا چاہئیے کہ یہ ملک پاکستانی عوام کے مفاد نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے ایما پر چلایا جارہا ہے۔

حکمران کیوں نہیں بتارہے کہ موجودہ حکمرانوں نے تین سال میں 14ہزار ارب کا قرضہ لیا۔سلیکٹڈ وزیراعظم راہ فرار اختیار کرکے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں لیکن سیاسی شہادت غیرسیاسی افراد کو نصیب نہیں ہوتی۔ہمارے خلاف سازشیں ہوئیں، پارلیمنٹ سے باہر رکھا گیا لیکن عوام اور ہمارا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان و رہنمائوں کی قربانیوں کی وجہ سے اس خطے میں امن قائم ہوا۔امن تو قائم ہوا، ظالم کو شکست ہوئی لیکن گذشتہ آٹھ سال میں اس صوبے کو مزید پیچھے دھکیل دیا گیا۔10نومبر کو پشاور میں مہنگائی کے خلاف عظیم الشان جلسہ ہوگا اور عوام ان حکمرانوں کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں