پشاور میں ٹریفک روانی میں بہتری کیلئے پولیس اور پی ڈی اے کو پلان تیار کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ کی نامزد ٹریفک پلان کمیٹی کا پشاور شہر کا دورہ، چمکنی تا حیات بس پر سفر اور یو ٹرنز و چوکنگ پوائنٹس کا معائنہ

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 21:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے پشاور میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ کمیٹی نے گزشتہ روز پشاور شہر کا دورہ کیا۔ کمیٹی ممبران نے چمکنی سے حیات آباد تک بس میں سفر کیا اور اس دوران جی روڈ، خیبر روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر تمام تر چوکنگ پوائنٹس اور یوٹرنز کا جائزہ لیا۔

ٹریفک پلان کمیٹی کی صدارت صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پشاور شہر کے دورے کے دوران دیگر کمیٹی ممبران سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے، اسسٹنٹ کمشنر پشاور، سینئر صحافی، سول سوسائٹی کے ارکان و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

شہر کے دورے کے بعد تیمور جھگڑا نے متعلقہ حکام کو چوکنگ پوائنٹس، یوٹرنز، کار پارکنگس، ٹریفک خلاف ورزیوں، ٹریفک وارڈنز کی تعداد بڑھانے، آگاہی مہم اور دیگر مسائل کے حل کے متعلق پلان آئندہ ہفتے تک تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت ٹریفک ورزیوں پر جرمانوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کیا ہے جس پر جلد مکمل عمل درآمد جلد شروع کر دیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں